ممبئی:21/نومبر(ایس او نیوز/آئی این ایس انڈیا)ممبئی پولیس نے مصنفہ اور ہدایت وتا نندا کی شکایت پر آلوک ناتھ کے خلاف عصمت دری کا معاملہ درج کیا ہے۔ انہوں نے آلوک ناتھ پر 19 سال پہلے ایک ٹی وی شو کی شوٹنگ کے دوران عصمت دری کرنے کا الزام لگایا ہے۔ حکام نے بدھ کواس کی اطلاع دی۔انہوں نے کہا کہ منگل کی رات مضافات اندھیری کے اوشواڑا تھانے میں ایف آئی آر درج کیا گیا ہے ۔ پولیس ڈپٹی کمشنر پرم جیت سنگھ دہیا نے بتایا کہ آلوک ناتھ پر تعزیرات ہند (آئی پی سی) کی دفعہ 376 (عصمت دری) کے تحت مقدمہ درج کیا گیا ہے۔نندا نے 17 اکتوبر کو تھانے میں اداکار کے خلاف ایک شکایت درج کرائی تھی۔ اس سے نو دن پہلے انہوں نے ان پر الزام لگایا تھا کہ اداکار نے انہیں ٹی وی شو’تارا‘ کی شوٹنگ کے دوران ان کی عصمت دری کی تھی ۔انہوں نے ایک بیان میں کہا کہ جس لمحے میں نے آٹھ اکتوبر 2018 کو فیس بک پر اس کی سچائی بیان کی ، مجھے لگا جیسے کہ میں نے خود کو خوف کی قید سے آزاد کر لیا ہے ۔ میں خوش ہوں کہ بالآخر ایف آئی آر درج ہوگیا ہے ،مجھے ممبئی پولیس پر اعتماد ہے۔آلوک ناتھ کے خلاف ایف آئی آر کا خیر مقدم کرتے ہوئے کپاڈیا نے کہا کہ پولیس ابھی جانچ کرکے حتمی فیصلہ کے لئے کیس عدلیہ کے سامنے رکھے گی۔ انہوں نے کہا کہ نندا کل پولیس کے سامنے پیش ہوئی اور اپنا آخری بیان درج کرایا۔ ایف آئی آر درج کرنے کا پولیس فیصلہ نندا کے لئے امید کی کرن بن کر آیا ہے اور انہیں لگتا ہے کہ انہیں اتنے سالوں کے بعد انصاف مل سکتا ہے ۔ آلوک ناتھ نے ان کے الزامات کو مسترد کردیا تھا اور یہاں ایک عدالت میں شکایت کنندہ کے خلاف دائر کیا تھا۔ ساتھ ہی مبینہ طور پر ہتک عزت بھی دائر کیا ہے ۔ نندا نے اپنے سوشل میڈیا پوسٹ میں آلوک ناتھ کا نام نہیں لیا تھا لیکن انہوں نے اداکاری کے میدان میں سب سے ’’سنسکاری شخصیت ‘‘ کے نام سے مشہور شخص کا ذکر کیا تھا۔ اداکارہ دتہ کے نانا پاٹیکر کے خلاف مبینہ جنسی حملہ کی شکایت کے کچھ وقت بعد نندا نے اپنے پوسٹ میں مبینہ جنسی حملہ کی تفصیلات د ی تھی ۔ دتہ کی شکایت کے بعد ہی بھارت میں ’’می ٹو‘‘ مہم کا آغاز ہوا تھا ۔